اگر کوئی شخص ڈیجیٹل آرٹ بیچنے کا کام کرتا ہے مختلف ویب سائٹس پر اور اس کے لیے وہ کینوا استعمال کرتا ہے تو کینوا کی پالیسی کے حساب سے وہ تصویر کو ترمیم کیے بغیر بیچ نہیں سکتا، لیکن وہ اس کو بغیر ترمیم کیے آگے بیچتا ہے تو ایسا کرنا کیسا ہوگا؟ کینوا کی شرائط و ضوابط کے مطابق، ان کے پلیٹ فارم سے ڈاؤنلوڈ کی گئی تصاویر کو بغیر کسی تبدیلی کے فروخت کرنا ممنوع ہے۔
اصل تخلیق کی شرط: کینوا یہ تقاضا کرتا ہے کہ جو بھی پراڈکٹ آپ فروخت کریں، وہ آپ کی اصل تخلیق ہونی چاہیے۔ اگر آپ کینوا کے عناصر (جیسے کہ تصاویر، گرافکس، یا ٹیمپلیٹس) کو بغیر کسی تبدیلی کے فروخت کرتے ہیں، تو یہ ان کے کنٹینٹ لائسنس ایگریمنٹ کی خلاف ورزی ہوگی۔ چاہے یہ مواد مفت ہو یا کینوا پرو سے ہو، اسے بغیر کسی تبدیلی کے دوبارہ فروخت نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ یہ آپ کی اصل تخلیق نہیں سمجھی جائے گی توسوال یہ ہے کہ کینوا کے منع کرنے کے باوجود بغیرترمیم کیے تصویرکو سیل کرنا کیسا ہے ؟تحریری فتوی چاہیے،
کینوا اپنے پلیٹ فارم اور یوزرز کے لیے سخت پالیسیز رکھتا ہے اور اگر کوئی ان پالیسیز کی خلاف ورزی کرتا ہے، تو وہ کافی سخت اقدامات کرتا ہے۔ یہ اقدامات کچھ اس طرح کے ہو سکتے ہیں:
1. کاپی رائٹ اور انٹلیکچوئل پراپرٹی کی خلاف ورزی
کینوا کے ٹیمپلیٹس اور پرو کانٹینٹ کاپی رائٹڈ ہوتے ہیں۔ اگر کوئی ان کا غلط استعمال کرے، جیسے بغیر لائسنس کے کمرشل استعمال یا ری سیل، تو کینوا اکاؤنٹ معطل کر سکتا ہے یا قانونی کارروائی کر سکتا ہے۔
2. قانونی وارننگز اور کانٹینٹ ہٹانا
اگر کوئی یوزر کینوا کے مواد کو ان کے قوانین کے خلاف استعمال کرے تو کینوا انہیں وارننگ بھیجتا ہے اور ان کے مواد کو ہٹا دیتا ہے۔ یہ ان لوگوں پر بھی لاگو ہوتا ہے جو ڈیزائنز کو بغیر کسی تبدیلی کے اپنے نام پر کلیم کرتے ہیں۔
3. تعلیمی آگاہی اور سخت لائسنسنگ
کینوا اپنے یوزرز کو لائسنسنگ کی گائیڈ لائنز سمجھاتا ہے، لیکن اگر کوئی فری یا پرو لائسنس کی حد سے باہر کام کرے (جیسے غیر مجاز کمرشل استعمال)، تو وہ ان کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔
کینوا کا مقصد اپنے مواد اور انٹلیکچوئل پراپرٹی کی حفاظت کرنا ہے اور اس وجہ سے وہ سخت اقدامات کو نافذ کرتا ہے۔ یوزرز کو چاہیے کہ وہ کینوا کی شرائط و ضوابط کو سمجھ کر کام کریں۔
صورتِ مسئولہ میں جب کینوا (canva) کمپنی کی طرف سے اپنے صارفین کے لیے باقاعدہ یہ شرط لگائی گئی ہےکہ ان کے پلیٹ فارم سے ڈاؤنلوڈ کیے گئے عناصر ( جیسے تصاویر، گرافکس، یا ٹیمپلیٹس وغیرہ) کو بغیر کسی تبدیلی کے آگے فروخت کرنا ممنوع ہے تو ایسی صورت میں اس پر اکاؤنٹ بناتے وقت ان کی شرائط اور پالیسی کو قبول کرتے ہوئے کینوا اور اس کے صارفین کے درمیان باقاعدہ ایک معاہدہ طےپاتاہے، جس کی پاسداری صارفین پر لازم ہے۔ لہذا اگر کوئی شخص کینوا (canva) سے کوئی تصویر یا گرافکس وغیرہ لے کر اس کے اصول کے خلاف آگے فروخت کر دے تواسے وعدے کی خلاف ورزی کا گناہ ہو گا، تاہم اس تصویر وغیرہ حرام اور ناجائز اشیاء کی تشہیر وغیرہ نہ ہو تو کینوا کی شرائط کی خلاف ورزی کے باوجود خرید و فروخت صحیح اور اس سے حاصل شدہ آمدنی حلال ہوگی،لیکن معاہدے کے خلاف ورزی کا گناہ بہرحال برقرار رہے گا ،اس طرح کےطرزِ عمل سے اجتناب ضروری ہے۔
کمافی الصحيح للبخاری: عن أبي هريرة، عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: " آية المنافق ثلاث: إذا حدث كذب، وإذا وعد أخلف، وإذا اؤتمن خان(باب علامة المنافق:1 /16،ط:دار طوق النجاۃ)۔
وفی رد المحتار:تحت قوله ( المراد بالفاسد الممنوع الخ ) قد علمت أن الفاسد مباين للباطل لأن ما كان مشروعا بأصله فقط يباين ما ليس بمشروع أصلا وأيضا حكم الفاسد أنه يفيد الملك بالقبض والباطل لا يفيده أصلا الخ(باب البیع الفاسد،ج:5،ص:49،ط:سعید)۔