گناہ و ناجائز

مقدس اوراق کو جلانے کا حکم

فتوی نمبر :
81436
| تاریخ :
2025-02-15
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

مقدس اوراق کو جلانے کا حکم

السلام علیکم ورحمته الله
وبرکاتہ

سائل دارالافتاء کی بارگاہ میں عرض گزار ہے کہ بندہ ناچیز حصول ثواب کے لیے مقدس اوراق کو جمع کرتا ہے اور محفوظ کرنے کیلئے ایک کنواں کھود کر اسکے اوپر کمرہ بنا کر اس کمرے کو تالا لگایا ہوا ہے تاکہ بچے اس کنویں میں کچھ اور نہ پھینک سکیں
حضرات مفتیانِ کرام کی بارگاہ میں عرض ہے جو فلیکس اشتہارات اور اخبارات یا سکول کی کتابیں وغیرہ جن پر تصاویر ہوتی ہیں کیونکہ تصاویر کو احادیث مبارکہ میں حرام فرمایا گیا ہے میرا دل نہیں مانتا کہ انہیں اس کنویں میں قرآن پاک کے ساتھ رکھا جائے اسکے علاوہ جو اوراق غلاظت والے ہوتے ہیں یا پھر کسی دوسرے گاؤں سے مجھے موصول ہونے والے مکس اوراق جن میں پاک اوراق اور کچھ معاذاللہ گندگی والے مکس کرکے تھیلے میں ڈال کر لوگ دے جاتے ہیں کیا میں ان کو جلا کر انکی راکھ محفوظ کر سکتا ہوں ؟
برائے کرم باحوالہ آفیشل فتویٰ بمعہ تصدیق و مہر عنایت فرمائیں تاکہ میں گاؤں والوں کو بطور دلیل دکھا سکوں تاکہ لوگ اس مسئلہ سے آگاہ ہو سکیں
جزاکم اللہ خیرا کثیرا

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

مقدس اوراق کی حفاظت کیلیے سائل نے جس جدوجہد کا اپنے سوال میں تذکرہ کیا ہے وہ انتہائی مستحسن اور لائق اجر و ثواب ہے، اللہ تعالي سائل کو مزید توفیقات سے نوازے، جبکہ اخبارات اور اسکول کی وہ کتابیں جن میں پرنٹڈ تصاویر ہوتی ہیں اور ایسے ہی وہ پینا فلیکس اشتہارات جن میں قرآنی آیات و احادیث کندہ نا ہو، کو جلاکر اس کی راکھ مذکور کنویں میں محفوظ کرنا تو شرعا جائز ہے اس میں کوئی حرج نہیں ہے، البتہ جن اوراق پر گندگی لگی ہو، اور وہ مقدس ہوں اس طور پر کہ اس پر قرآنی آیات یا احادیث مبارکہ کندہ ہوتو ایسے مقدس اوراق کے بارے میں بہتر یہ ہے کہ اگر ہوسکے تو ان سے کسی طرح گندگی دور کرکے کسی کپڑے کے اندر ڈال کر اسی حالت میں ہی کنویں کے اندر محفوظ کرے، جلانے سے حتي الامکان پرہیز کرے، تاہم اگر ان اوراق سے گندگی صاف کرنا مشکل ہو تو ایسا ہی گندہ رکھنے کے بجائے ان کو جلا کر اس کی راکھ کو محفوظ کر نے کی گنجائش موجود ہے ۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمدابراہیم خلیل عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 81436کی تصدیق کریں
0     19
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات