گناہ و ناجائز

بچوں سے سکول کے مختلف پروگراموں میں ڈانس کروانا اور بچوں کو اس میں شرکت کی اجاز ت دینا کیسا ہے؟

فتوی نمبر :
81872
| تاریخ :
2025-03-07
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / گناہ و ناجائز

بچوں سے سکول کے مختلف پروگراموں میں ڈانس کروانا اور بچوں کو اس میں شرکت کی اجاز ت دینا کیسا ہے؟

سکول میں رزلٹ والے دن یا آگے پیچھے جشن آزادی، یوم دفاع والے دن مختلف پروگراموں میں سکول والے چھوٹے بچوں کو ایسے ایسے رولز دیتے ہیں جس میں ناچنا اور ڈانس کرنا وغیرہ شامل ہوتا ہے۔ ویلکم سانگ میں بچوں اور بچیوں کو ڈانس کروانا اور نچوانا شامل ہوتا ہے۔ کیا ہم اپنے چھوٹے بچوں کو اس میں شامل ہونے دے سکتے ہیں؟ مجھے تو یہ ایک غیر شرعی حرکت لگتی ہے کہ ہمارے بچے کسی کے آگے ڈانس کریں۔ اس طرح ان کے ذہن میں ایک غلط چیز بیٹھ رہی ہے۔ کیا اپنے بچوں کو (لڑکے اور لڑکیاں دونوں) چاہے بالغ ہوں یا نہ ہوں اس میں شامل کروانا ٹھیک ہوگا؟ راہ نمائی کردیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ شریعت مطہرہ نے بچوں کی تعلیم وتربیت کا جو نظام وضع کیا ہے، اس میں پاکیزگی، حیاء اور حدودِ شریعت کی پابندی بنیادی اصول ہیں،جبکہ موسیقی، رقص وسرورکی محافل اورہرقسم کی فحش حرکات پرمبنی مخلوط اجتماعات کوناجائزاور حرام قراردیاہے،لہذا چھوٹے بچوں کو ڈانس و ناچ گانے جیسی حرکات سکھانا ناصرف شرعی تعلیمات کے خلاف ہے، بلکہ بچوں کے معصوم ذہنوں میں فحاشی و بے حیائی کازہر ڈالنا ہے۔ یہ عمل بچوں كي اخلاقی بربادی اور بے حیائی کا راستہ ہموارکرتاہے۔
اس لیےتعلیمی درسگاہوں(اسکول ،کالج ،یونیورسٹی ) ویلکم سانگ، جشنِ آزادی، یومِ دفاع جیسے مواقع کی مناسبت سے ڈانس پارٹی ، ناچ گانے اور مخلوط پروگراموں کاانعقادکرنااورا یسےپروگرامز میں بچوں (لڑکے ، لڑکیاں، چاہے بالغ ہوں یا نابالغ) کوشامل کرکے اس کاحصہ بناناناجائز،حرام اور عذاب ِخداوندی کودعوت دینے کے مترادف ہے ۔لہذاسکول انتظامیہ پرلازم ہےکہ اس قسم کے پروگرامزمنعقدکرنے سے اجتناب برتے اور بچوں کو شرعی دائرے میں رہتے ہوئے مثبت سرگرمیوں (نعت، تقریر، ملی ترانے بغیر موسیقی) میں شامل کرے،جبکہ والدین پر لازم ہے کہ وہ اس قسم کے فتنوں سے بچوں کو بچائیں، ورنہ وہ بھی شرعاً جواب دہ ہوں گے۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد سعد جاوید عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 81872کی تصدیق کریں
0     14
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات