السلام علیکم ورحمة الله وبركاته! میرا سوال یہ ہے کہ میں ایک کمپنی سے وابستہ ہوں۔ جہاں میرا کام صرف نیٹ ورکنگ کا ہے، یعنی میں لوگوں کو کمپنی سے جوڑتی ہوں ، انہیں کام سکھاتی ہوں ، پھر وہ بھی دوسرے لوگوں کو جوڑتے ہیں ، اس سسٹم کے ذریعے مجھے ان کی ٹیم سے کمیشن یا پروفٹ ملتا ہے۔ یاد رہے کہ میں کسی قسم کی پروموشن یا مارکیٹنگ نہیں کرتی۔ صرف لوگوں کو جوڑنے اور ان کو کام سکھانے کا کام کرتی ہوں۔ برائے مہربانی قرآن و سنت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ: کیا اس قسم کا نیٹ ورکنگ پر مبنی کام اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی شرعاً جائز (حلال) ہے یا ناجائز (حرام)؟ جزاکم اللہ خیراً۔
سائلہ نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ وہ لوگوں کو کیا کام سکھاتی ہے اور اس کے توسط سے کمپنی سے جوڑنے والے افراد کیا کام کرتے ہیں تاکہ اسی کے مطابق جواب دیا جاتا، تاہم موجودہ دور میں نیٹ ورک مارکیٹنگ کے طریقہ کار کے مطابق کام کرنے والی کمپنیوں کا اصل مقصد کاروبار یا مصنوعات کی خرید وفروخت نہیں ہوتی ، بلکہ ممبرسازی کے ذریعے کمیشن درکمیشن کاروبار چلانا اصل مقصد ہوتا ہے ،جوکہ جوئے کی ایک نئی شکل ہے ،نیز مذکور طرزکے کاروبار میں دیگر بہت سارے مفاسد بھی موجود ہیں،لہذا مذکور طریقہ کارکے مطابق کاروبار کرنے والی کمپنیوں کے ساتھ خود کام کرنے یا دیگر لوگوں کو اس میں شامل کرنے سے اجتناب لازم ہے۔