السلام علیکم! آج کل آن لائن مختلف کمپنیوں میں کچھ رقم انویسٹمنٹ کی جاتی ہے اور وہ اس کے بدلے کچھ پرافٹ دیتی رہتی ہیں، کچھ عرصے بعد وہ بند بھی ہو جاتی ہیں۔ کیا ان میں پیسے لگانا جائز ہے اور ان کے ذریعے کمائی گئی رقم حلال ہوگی؟ جزاک اللہ!
واضح ہو کہ جو کمپنی انویسٹر سے نفع و نقصان کی بنیاد پر معاملہ کرتی ہو، اور حاصل ہونے والے نفع کو فیصدی تناسب سے تقسیم کرتی ہو، تو ایسی کمپنی میں انویسٹمنٹ کرکے منافع کمانے کی شرعاً اجازت ہے۔ تاہم، جو کمپنیاں عمومی طور پر مارکیٹ میں انویسٹمنٹ کی رغبت کے ساتھ بہت زیادہ منافع دینے کا وعدہ کرتی نظر آتی ہیں، ان میں سے بیشتر سودی اسکیم پر مبنی ہوتی ہیں، جو لوگوں کو لالچ دے کر رقم اکٹھی کرتی ہیں، پھر ان رقوم کو غصب کرکے غائب ہوجاتی ہیں۔ اور چونکہ یہ کمپنیاں کسی حکومتی ادارے میں رجسٹرڈ بھی نہیں ہوتیں، اس لیے صارف اپنی رقم کے حصول کے لیے کوئی خاطر خواہ قانونی چارہ جوئی کرنے سے بھی عاجز ہوتا ہے، اس طرح اس کا بھاری نقصان ہوجاتا ہے۔ لہٰذا ان کمپنیوں میں انویسٹمنٹ کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔