کیا Binance اور cryptocurrency کے ذریعے سے پیسے کمانا جائز ہے ؟.جیسے ایک ویب سائٹ ہے cloud node اس میں اپنے پیسےاپنی مرضی سے (10 ڈالر /20 ڈالر یا زیادہ ) لگاتے ہیں،اور بیس دن میں پیسہ پر منافع ملتا ہے ، اور مجھے اس کے بارے میں علم نہیں ۔
واضح ہو کہ بائنانس مختلف کرنسیوں کے تبادلہ کے لئے استعمال ہونے والا ایک پلیٹ فارم ہے ، جس پر بٹ کوائن سمیت کئی ورچول کرنسیوں کی خرید و فروخت کی جاتی ہے ، جبکہ موجودہ ورچو ل کرنسیوں کی شرعی حیثیت اب تک غیر واضح اور غیر اطمینان بخش ہے، بلکہ اسے محض ڈیوائس میں موجود ہونے کی حد تک ہی کرنسی خیال کیا جاتا ہے ، اور خارج میں اس کا کوئی حسی وجود نہیں، نیز پاکستان سمیت کئی ممالک میں قانونی طور پر ان کو مبادلہ اور خرید و فروخت کے لئے استعمال کرنے کی اجازت بھی فی الحال نہیں دی گئی ، لہٰذا اب تک کی معلومات کے مطابق ان پلیٹ فارمز کے ذریعے کسی بھی ورچول کرنسی کی خرید و فروخت اور کاروبار کرنے اور اس سے حاصل شدہ نفع کو اپنے استعمال میں لانے سے احتیاط لازم ہے ۔
کما فی بدائع الصنائع: وأما الذي يرجع إلى المعقود عليه فأنواع (منها): أن يكون موجودا فلا ينعقد بيع المعدوم، وماله خطر العدم كبيع نتاج النتاج بأن قال: بعت ولد ولد هذه الناقة وكذا بيع الحمل؛ لأنه إن باع الولد فهو بيع المعدوم، وإن باع الحمل فله خطر المعدوم الخ (فصل في الشرط الذي يرجع إلى المعقود عليه ج:5، ص: 138،ناشر: دار الکتب العلمیۃ)۔
وفی الھندیۃ: ومنها في المبيع وهو أن يكون موجودا فلا ينعقد بيع المعدوم وما له خطر العدم كبيع نتاج النتاج والحمل كذا في البدائع إلخ(کتاب البیوع، الباب الأول فی تعریف البیع إلخ، ج: 3، ص: 2، ط: ماجدیۃ)۔