میں مؤدبانہ طور پر یہ درخواست پیش کرتا ہوں کہ فاریکس مارکیٹ کے ذریعے سونے کی تجارت کے شرعی جواز کے بارے میں فتویٰ صادر فرمایا جائے۔ اس سلسلے میں آپ کی علمی رہنمائی کا طالب ہوں۔
درست اور واضح شرعی حکم معلوم کرنے کے لیے اپنی صورتِ حال درج ذیل تفصیل کے ساتھ پیش کرتا ہوں:
1. میں Exness نامی ایک آن لائن بروکریج پلیٹ فارم کے ذریعے سونے (XAU) اور کرنسیوں کی تجارت کرتا ہوں۔
2. میری تجارت صرف ایک ہی دن کے اندر ہوتی ہے، یعنی میں انٹرا ڈے ٹریڈنگ کرتا ہوں۔
3. میں کوئی پوزیشن رات بھر کھلی نہیں رکھتا، اس لیے مجھ پر کوئی سواپ یا رول اوور سود عائد نہیں ہوتا اور نہ ہی مجھے وصول ہوتا ہے۔
4. تمام معاملات مارکیٹ کی قیمت پر فوری طور پر انجام پاتے ہیں، یعنی اسپاٹ ٹریڈنگ کی جاتی ہے۔
5. ان تجارتوں میں لیوریج (مارجن) استعمال کیا جاتا ہے، تاہم اس لیوریج پر کوئی سود وصول نہیں کیا جاتا، اور نہ ہی سود پر مبنی قرض یا بونس استعمال کیا جاتا ہے۔
6. میری نیت حلال آمدنی حاصل کرنا ہے، اور میں اسلامی اصولوں، بالخصوص سود سے اجتناب، کی مکمل پابندی کرنا چاہتا ہوں۔
ہمارے علم کے مطابق فاریکس ٹریڈنگ کا طریقہ کار یہ ہےکہ کوئی شخص براہِ راست اس مارکیٹ میں خریداری کا اہل نہیں ہوتا، بلکہ وہ کسی کمپنی (بروکر)کے ہاں کچھ رقم (مثلاً ایک ہزار ڈالر سے) اپنا اکاؤنٹ کھلواکر اس کے ذریعے اس مارکیٹ میں داخل ہوتاہے، اور یہ کمپنیاں (بروکر) دیگر سہولیات کے علاوہ ایک بڑی رقم کی ضمانت بھی اسے فراہم کرتی ہیں، انٹرنیٹ پر مارکیٹ کے حوالے سے مختلف اشیاء کے ریٹ لمحہ بہ لمحہ کم زیاہ ہوتے رہتے ہیں، یہ شخص کمپنی کی طرف سے فراہم کردہ رقم سے کوئی سودا کرتاہے، اور پھر ریٹ بڑھتے ہی اسے آگے فروخت کرکے نفع کماتاہے، اور اگر قیمت گر جاتی ہے تو یہ اس کا نقصان شمار ہوتاہے، اور عام طور پر اس شخص کا کوئی چیز خریدنا اور فروخت کرنا سب کاغذی کاروائی ہوتی ہے، خریدی ہوئی اشیاء پر نہ قبضہ ہوتا اور نہ قبضہ کرنا مقصود ہوتاہے، بلکہ محض قیمتوں کے اتار چڑھاؤ میں فرق برابر کر کے نفع کما نا مقصود ہوتا ہے، اس لیے یہ سٹہ کی ایک صورت ہونے کی وجہ سے جائز نہیں ہے، لہذا سائل کیلئے فاریکس ٹریڈنگ سے اجتناب کرنا چاہئیے۔(مستفاد از تبويب: فتوی نمبر : 85553)