بسم اللہ الرحمن الرحیم
استفتاء نزد مفتیانِ کرام،السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ، محترم مفتیانِ کرام!میں ایک شرعی مسئلے کے بارے میں آپ سے رہنمائی چاہتا ہوں۔
میں اپنے موبائل فون میں میٹا ٹریڈر فائیو(MetaTrader 5 (MT5) پلیٹ فارم کے ذریعے ڈو پرائم( Doo Prime) بروکر پر سونے کی ٹریڈنگ کرتا ہوں، میرے اکاؤنٹ کی تفصیل درج ذیل ہے:
- بروکر: ڈو پرائم
- پلیٹ فارم: میٹا ٹریڈر فائیو
- ٹریڈنگ: سونے کی
- اکاؤنٹ کی قسم: اسلامی (سویپ فری) اکاؤنٹ
- بروکر کے مطابق اس اکاؤنٹ میں رات بھر ٹریڈ کھلی رہنے کی صورت میں سود یا سویپ چارج وصول نہیں کیا جاتا۔
میرا طریقۂ کار یہ ہے کہ میں مارکیٹ کا تجزیہ کرنے کے بعد خرید یا فروخت کی ٹریڈ کھولتا ہوں۔ ٹریڈ کھولتے وقت لوٹ سائز (Lot Size)بھی منتخب کرنا ہوتا ہے۔ میری سمجھ کے مطابق لوٹ سائز سے مراد ٹریڈ کے حجم یا مقدار کا تعین کرنا ہوتا ہے، یعنی ایک ٹریڈ میں کتنی مقدار سے معاملہ کیا جائے۔ مثال کے طور پر کم لوٹ سائز رکھنے سے نفع اور نقصان دونوں نسبتاً کم ہوتے ہیں، جبکہ زیادہ لوٹ سائز رکھنے سے نفع اور نقصان دونوں نسبتاً زیادہ ہو سکتے ہیں۔ اس کے بعد اگر قیمت میرے اندازے کے مطابق اوپر یا نیچے جاتی ہے تو مجھے نفع ہوتا ہے، اور اگر الٹ جاتی ہے تو نقصان ہوتا ہے۔ جب میں چاہتا ہوں تو ٹریڈ بند کر دیتا ہوں، جس کے بعد نفع یا نقصان میرے اکاؤنٹ میں ظاہر ہو جاتا ہے۔
اس سلسلے میں میرے درج ذیل سوالات ہیں:
1۔ کیا مذکورہ طریقے سے سونے کی ٹریڈنگ شرعاً جائز ہے یا ناجائز؟
2۔ کیا اسلامی (سویپ فری) اکاؤنٹ ہونے کی وجہ سے سود کا اشکال ختم ہو جاتا ہے، یا اس کے باوجود کوئی شرعی قباحت باقی رہتی ہے؟
3۔ کیا اس ٹریڈنگ میں شرعی اعتبار سے سونے پر حقیقی قبضہ حاصل ہوتا ہے یا نہیں؟
۴۔ کیا ٹریڈ میں لوٹ سائز کے ذریعے ٹریڈ کے حجم کا تعین کرنا شرعی اعتبار سے کسی ممانعت یا قباحت کا سبب بنتا ہے یا نہیں؟
۵۔ کیا اس معاملے میں غرر، قمار یا کوئی اور شرعی ممانعت موجود ہے؟ اگر ہے تو براہِ کرم اس کی وضاحت فرما دیں۔
۶۔ اگر موجودہ طریقہ شرعاً جائز نہیں ہے تو اسے جائز ہونے کے لیے کن شرائط کا پورا ہونا ضروری ہے؟
میرا مقصد صرف حلال اور جائز طریقے سے روزی کمانا ہے۔ اگر یہ طریقہ شرعاً جائز نہ ہو تو میں اس سے اجتناب کرنا چاہتا ہوں۔ لہٰذا قرآن و سنت اور فقہِ حنفی کی روشنی میں میری رہنمائی فرما کر عند اللہ ماجور ہوں، والسلام۔
واضح ہو کہ سونے کی باہمی خرید وفروخت چاہے کسی بھی پلیٹ فارم سے ہو، بیع صرف کہلاتا ہے اور بیع صرف کی بنیادی شرائط میں سے ایک شرط یہ بھی ہے کہ مجلس عقد ہی میں عاقدین (چاہیے اصالۃً ہوں یا وکالۃً) سونے پر حسی قبضہ کرکے اپنی تحویل میں لے لیں ، اسی طرح مختلف کی کرنسیوں کا کاروبار کیا جائے یا اگر سونا کرنسی کے عوض بیچا یا خریدا جائےتو مجلس عقد ہی میں عاقدین میں کوئی ایک کسی کرنسی یا سونے پر قبضہ کرلے تو عقد جائز ہوگا، ورنہ نہیں۔
ہماری معلومات کے مطابق MT5 مشہور آنلائن فاریکس ٹریڈنگ اپلیکشن ہے، جس پر نہ تو حقیقۃً لین دین ہوتی ہے اور نہ ہی قبضہ ہوتا ہے، بلکہ سسٹم پر صرف ایک نمبر ظاہر ہوتا ہے ، نہ تو حقیقی طور پر کوئی کرنسی یاسونا صارف کی ملکیت میں آتا ہےاور نہ اسے حقیقی یا حکمی قبضہ دیتے ہیں، اس لئے ایسی ویب سائٹ پر کاروبار کرنا جائز نہیں۔ جبکہ محض اسلامی کا عنوان لگانے سے کوئی معاملہ شرعاً جائز نہیں ہوتا، لہذا مذکورہ پلیٹ فارم پر کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری کرنے سے احتراز لازم ہے۔
كما في الدر المختار: وشرعا (بيع الثمن بالثمن) أي ما خلق للثمنية ومنه المصوغ (جنسا بجنس أو بغير جنس) كذهب بفضة (ويشترط) عدم التأجيل والخيار و (التماثل) أي التساوي وزنا (والتقابض) بالبراجم لا بالتخلية (قبل الافتراق) وهو شرط بقائه صحيحا على الصحيح (إن اتحد جنسا وإن) وصلية (اختلفا جودة وصياغة).اهـ (باب الصرف، ج: 5، ص: 258، ط: إيج إيم سعيد)
وفيه أيضا: وشرط مكانه واحد، وهو اتحاد المجلس. وشرط المعقود عليه ستة: كونه موجودا مالا متقوما مملوكا في نفسه، وكون الملك للبائع فيما يبيعه لنفسه، وكونه مقدور التسليم فلم ينعقد بيع المعدوم وما له خطر العدم كالحمل واللبن في الضرع والثمر قبل ظهوره.اهـ (كتاب البيوع، ج: 4، ص: 505، ط: إيج إيم سعيد)
وفي فقه البيوع: شرّحنا فيما قبل أنّ العملات الورقيّة عند كثير من العلماء المعاصرين والمجامع الفقهيّة فى حكم الذّهب والفضّة، فيشترط فی مبادلتها التقابض فی المجلس وأن هذا الشرط مفقود فی معظم عملیات هذه السوق، فإنّها تنقسم إلى بيع عاجل وآجل. وإنّ التّقابض مفقود فيهما، لأنّ ما يُسمّى "البيع العاجل" (Spot sale) لايقع فيه التّقابض إلاّ بعد يومين من يوم العقد. (تجارة العملات عن طریق الفوریکس ج: 2، ص: 763، ط: معارف القرآن)