مباحات

مدرسہ کے کام کرنے والا شخص مدرسہ کا کھانا کھا سکتاہے؟

فتوی نمبر :
100065
| تاریخ :
2026-10-05
حظر و اباحت / جائز و ناجائز / مباحات

مدرسہ کے کام کرنے والا شخص مدرسہ کا کھانا کھا سکتاہے؟

بخدمت مفتیانِ کرام،
السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
موضوع: مدرسے کے انتظامی و مالیاتی امور سنبھالنے والے ملازم کے لیے مدرسے کے کھانے کا حکم
امید ہے دارالافتاء کے تمام مفتیانِ کرام بعافیت ہوں گے۔ ایک اہم شرعی معاملے میں آپ حضرات کی رہنمائی درکار ہے۔
مسئلہ درج ذیل ہے:
ہماری مسجد میں ایک ملازم متعین ہیں جو مدرسے کے مختلف اور اہم انتظامی امور سرانجام دیتے ہیں۔ ان کی ذمہ داریوں میں مدرسے کا مکمل حساب کتاب رکھنا، مدرسے کے لیے فنڈز (چندہ وغیرہ) اکٹھا کرنا، مدرسے کے مختلف کام کروانا شامل ہے۔ غرض یہ کہ وہ مدرسے کے مالیاتی اور انتظامی نظام کو چلانے کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔
شرعی سوال:
دریافت طلب امر یہ ہے کہ جو ملازم مدرسے کے یہ تمام کام (حساب کتاب، فنڈ اور دیکھ بھال) کرتا ہو، کیا اس کے لیے مدرسے کے کچن سے کھانا کھانا شرعاً جائز ہے؟ کیا مدرسے کی انتظامیہ ایسے ملازم کو اس کی خدمات کے عوض مدرسے کے کچن سے کھانا فراہم کر سکتی ہے، جبکہ مدرسے کا کھانا عام طور پر زکوٰۃ، عطیات یا طلبہ کے فنڈ سے تیار ہوتا ہے؟
قرآن و سنت اور فقہ حنفی کی روشنی میں اس کا تفصیلی جواب عنایت فرما کر ممنون فرمائیں۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

سوال میں درج کردہ تفصیل کے مطابق، اگر مدرسے میں کھانا صدقاتِ نافلہ اور عمومی فنڈ سے تیار کیا جاتا ہو اور مدرسے کی انتظامیہ کی طرف سے مذکورہ ملازم کو مطعم (کچن) سے کھانا کھانے کی اجازت ہو تو ایسی صورت میں اس کے لیے مدرسے کے کچن سے کھانا کھانا جائز ہوگا، لیکن اگر کھانا زکوٰۃ اور صدقاتِ واجبہ کی رقم سے تیار کیا جاتا ہو تو ایسی صورت میں محض مدرسے کے انتظامی و مالیاتی امور انجام دینے کی وجہ سے اسے زکوٰۃ یا طلبہ کے لیے مخصوص مال سے بلا معاوضہ کھانا کھلانا جائز نہیں، کیونکہ زکوٰۃ میں تملیک شرط ہے اور طلبہ کے لیے مخصوص مال انہی کے مصارف میں خرچ کرنا لازم ہے۔لہٰذا ایسی صورت میں مذکورہ ملازم کے طعام کا انتظام ایسے غیر زکوٰۃ فنڈ سے کیا جائے جسے اس مصرف میں خرچ کرنے کی اجازت ہو، یا اس سے مقررہ قیمت وصول کرکے مطبخ سے کھانا دیا جائے (خواہ قیمت وہ خود ادا کرے یا مدرسے کی انتظامیہ اس کی طرف سے قیمت کی ادائیگی کرے)، چنانچہ اس طرح کرنے سے اس دوسری صورت میں اس کے لیے مدرسے کے کچن سے کھانا کھانا جائز ہوگا۔

مأخَذُ الفَتوی

کما في الفتاوى الهندية: ولو استأجر أجيرا بطعامه وكسوته جاز عند أبي حنيفة وأبي يوسف رحمهما الله تعالى إذا كان ذلك معلوما بالعرف. (4/412)
وفي الدر المختار وحاشية ابن عابدين: وهي تمليك لا إباحة، فلا يجوز أن يبني بها مسجدا ولا كفن ميت ولا قضاء دينه؛ لانعدام التمليك. (2/344)
وفيه أیضاً: ولا يعطى أجر الجزار منها؛ لأنه كبيع. (9/475)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
جنید الرحمن سکھروی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100065کی تصدیق کریں
0     16
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات