میری شادی جس گھر سے ہوئی ہےاُن کی ایک بیٹی کا خاوند گھر داماد بنا ہوا ہے, جس کی وجہ سے میں نے اپنی بیوی کو اُس گھر میں رات رکنے سے منع کر رکھا ہے , میری ایک اور سالی کبھی کبھی رات رک کر جاتی ہے جس کی وجہ سے میری بیوی بہ ضد ہے کہ میں بھی رکوں گی۔
کیا میرا اپنی بیوی کو اپنے بہنوئی کی موجودگی میں گھر نہ بھیجنے کا فیصلہ درست ہے یا نہیں؟ رہنمائی درکار ہے۔
سائل کا محض اپنے ہم زلف کے گھرداماد ہونے کی وجہ سے اپنی اہلیہ کو وہاں رات گزارنے سے منع کرنا تو مناسب نہیں، تاہم اگر سائل کو اس کے کردار پر اطمینان نہ ہو اور وہاں رات گزرانے کی صورت میں کسی قسم کے فتنہ کا اندیشہ ہو ، تو ایسی صورت میں سائل اپنی اہلیہ کو وہاں رات گزارنے سے منع کرنے میں حق بجانب ہے، تاہم اس سلسلہ میں سائل کو اپنی اہلیہ کو اعتماد میں لیکر اسے وہاں رات گزارنے سے منع کرنا چاہیۓ ، تاکہ میاں بیوی کے رشتہ میں کوئی بدگمانی اور اختلاف پیدا نہ ہو ۔