کیا فرماتے ہیں علمائے کرام! اس مسئلہ کے بارے میں کہ میں ایک ایپ بنانا چاہ رہا ہوں(muallim.igo) جس کا کام یہ ہوگا کہ اس کو ایکٹو کرنے کے بعد جو بھی اس کے سامنے قرآن مجید پڑھے گا تو یہ اپپ بتائے گی کہ اس نےپڑھنے میں کہاں اور کیا غلطی کی ہے، اس کےعلاوہ بھی اس کے کئی کام ہونگے، جو کہ مندرجہ ذیل ہیں، 1. وہ ایپ بتائے گی کہ کس لہجہ میں کس آیت یا لفظ کو کس طرح پڑھا جاتا ہے ۔ 2. قرآن مجید کو کس رفتار سے پڑھنا جائز ہوگا اور کس رفتار سے نہیں ہوگا۔ 3. وہ غلطی کی نشاندہی بھی کرے گی اور اسے صحیح طرح پڑھنے کا طریقہ بھی بتائے گی (یہ تینوں چیزیں اس قراءت کے مطابق بتائے گی جو اس میں اپلوڈ کی گئی ہیں ) ۔ 4. اس میں قرآنِ مجید لکھا ہوا بھی آرہا ہوگا، اس طرح کی کئی ساری چیزوں میں وہ رہنمائی کرے گی آسان الفاظ میں کہا جائے تو وہ ایپ ایک ٹیوٹر کا کام دیگی ، اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا ایسی ایپ بنانا شرعاً جائزہے ؟
سائل کا اس طرح کی ایپ بنانا جو ذکرکردہ تفصیل کے مطابق لوگوں کو قرآن سکھانے میں مدد کریگی نہ صرف جائز بلکہ قرآن اور کلام اللہ کی خدمت پر مشتمل ہو نے کی وجہ سے ایک مستحسن امر ہے ، تاہم اس طرح کی اپلیکشن میں موجود مواد پہلے سے رکھاجاتا ہے، اور صحیح اور غلط کی پہچان کے جو اصول وضواط اس کے ڈیٹا بیس میں محفوظ کئے جاتے وہ اپلیکیشن بعد میں اس کے مطابق درست اور غلط ہو نے کی نشاندہی کرتےہیں ، لہذا اس میں محفوظ کئے جانے والے مواد سے متعلق پہلے مستند علماء کرام اور مشاق قراء کرام سے مشورہ کرکے اس کا انتخاب کرنا ضروری ہے ،تا کہ یہ ایپ حتی المقدور غلطیوں سے محفوظ ہو سکے۔
کما فی تفسیر القرطبی: إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحافِظُونَ (9)قَوْلُهُ تَعَالَى: (إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ) يَعْنِي الْقُرْآنَ. (وَإِنَّا لَهُ لَحافِظُونَ) مِنْ أَنْ يُزَادَ فِيهِ أَوْ يُنْقَصَ مِنْهُ. قَالَ قَتَادَةُ وَثَابِتٌ الْبُنَانِيُّ: حَفِظَهُ اللَّهُ مِنْ أَنْ تَزِيدَ فِيهِ الشَّيَاطِينُ بَاطِلًا أَوْ تَنْقُصَ مِنْهُ حَقًّا، فَتَوَلَّى سُبْحَانَهُ حِفْظَهُ فَلَمْ يَزَلْ مَحْفُوظًا،الخ (ج10 صـ5 دار الكتب المصرية – القاهرة)
وفی صحیح البخاری: عَنْ عُثْمَانَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ : " خَيْرُكُمْ مَنْ تَعَلَّمَ الْقُرْآنَ وَعَلَّمَهُ (کتاب فضائل القرآن/حدیث نمبر5027 )۔