براہ کرم رہنمائی فرمائیں کہ 10 سال یا اس سے زائد عمر کے بچوں کے حوالے سے باپ کی سرپرستی (ولایت) کے بارے میں شریعت کیا کہتی ہے؟ اگر والدین کے درمیان بچوں کی تعلیم کے معاملے پر شدید اختلاف ہو، جس کی وجہ سے ماں گھر چھوڑ دے اور بچوں کو ایسے اسکول میں داخل کرانے پر بضد ہو جہاں یورپی ثقافت ہو اور مخلوط تعلیمی نظام (Co-education) رائج ہو؛ جبکہ باپ چاہتا ہے کہ بچے ایسے اسکولوں میں پڑھیں جہاں لڑکے اور لڑکیاں اکٹھے نہ ہوں (یعنی لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے الگ الگ اسکول ہوں)۔ باپ تمام تعلیمی اخراجات اٹھانے کے لیے بھی تیار ہے، لیکن وہ چاہتا ہے کہ اسکول کا انتخاب اس کی مرضی کے مطابق ہو، تو ایسی صورت میں، کیا باپ کو یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ ماں کی رضامندی کے بغیر بچوں کو اپنی پسند کے اسکول میں داخل کروا دے؟ اس سلسلے میں، ذیل میں 'دارالافتاء مصر' (Dar Al-ifta Egypt) کا ایک فتویٰ دیا گیا ہے۔ کیا آپ اس کی تصدیق یا تردید کر سکتے ہیں؟
https://www.dar-alifta.org/en/fatwa/details/6003/a-parents-right-to-guardianship-over-minor-children
"باپ کو اپنے نابالغ بچے پر مکمل سرپرستی (ولایت) حاصل ہوتی ہے اور اسے بچے کی تعلیم و تربیت کے معاملات میں اختیار حاصل ہے۔ وہ دیگر تمام ذمہ داریاں بھی سنبھالتا ہے، چاہے بچہ 10 سال سے کم عمر کا ہی کیوں نہ ہو (یعنی اگرچہ وہ اس وقت ماں کی تحویل/کفالت میں ہو)۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ماں کی سرپرستی (حضانۃ) کا دائرہ کار بنیادی طور پر بچے کی دیکھ بھال تک محدود ہوتا ہے، بلاشبہ یہ بات زیادہ بہتر اور پسندیدہ ہے کہ بچے کی تعلیم کے معاملے پر والدین دونوں متفق ہوں، تاہم اگر کوئی تنازع پیدا ہو جائے، تو باپ کو ہی حتمی اور مکمل اختیار حاصل ہوتا ہے۔ مذکورہ بالا جواب سوال کا احاطہ کرتا ہے، اور اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔
واضح ہوکہ شرعاً اولاد کی ایسی تعلیم و تربیت کا انتظام کرنا جو ان کے دین، ایمان، اخلاق اور عفت و حیاء کے تحفظ کا ذریعہ ہو، والد اور والدہ دونوں پر یکساں طور پر لازم ہے،جبکہ موجودہ دور کے مخلوط نظامِ تعلیم (Co-education) کے دینی، اخلاقی اور معاشرتی نقصانات مشاہدہ سے ثابت ہیں، جو فتنہ، بے پردگی اور حیاء کے فقدان کا سبب بنتے ہیں، اس لیے والدین پر لازم ہے کہ حتی الامکان اپنے بچوں کے لیے غیر مخلوط (الگ، الگ) تعلیمی ماحول کا انتخاب کریں، لہذا صورت مسئولہ میں اگر والد بچوں کو ایسے اسکول میں داخل کروانا چاہتا ہے جہاں لڑکوں اور لڑکیوں کی تعلیم الگ الگ ہو، اور اس کی غرض بچوں کو فتنہ، بے پردگی اور مخلوط ماحول کے منفی اثرات سے بچانا ہو، تو والد کا یہ مطالبہ شرعاً بالکل درست ہے۔ نیزبچوں کے اسکول کے انتخاب میں والد اور والدہ کے درمیان اختلاف کی صورت میں بچوں کی دینی و اخلاقی مصلحت اور والد کے حقِ ولایت کے پیشِ نظر والد کی رائے کو ترجیح دی جائے گی، اور والدہ پر لازم ہے کہ اس دینی مصلحت میں والد کے ساتھ تعاون کرے، البتہ والدین دونوں کو چاہیے کہ باہمی نزاع اور ضد کے بجائے بچوں کے بہترین مفاد، دینی تربیت اور نفسیاتی سکون کو مقدم رکھیں، اور باہمی مشاورت سے ایسا راستہ اختیار کریں جس میں بچوں کی تعلیم بھی بہتر ہو اور دینی و اخلاقی حفاظت بھی ممکن ہو سکے۔
کما في الصحیح للامام البخاری رحمہ اللہ: أن عبد الله بن عمر يقول: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «كلكم راع وكلكم مسئول عن رعيته: الإمام راع ومسئول عن رعيته ، والرجل راع فى أهله وهو مسئول عن رعيته،الخ» (كتاب الجمعة ، باب الجمعة فى القرى والمدن، ج: 1، ص: 534، رقم الحدیث: 893، مکتبۃ البشریٰ)
وفي الفقه الإسلامي وأدلته للزحيلي: أولا ـ الولي على النفس وصلاحياته: الولي على النفس في مذهب الحنفية: هو الابن ثم الأب ثم الجد أبو الأب، (الیٰ قولہ) فإن لم يوجد أحد من العصبات انتقلت ولاية النفس إلى الأم ثم باقي ذوي الأرحام.(الیٰ قولہ) ويجبر الولي على أخذ القاصر بعد انتهاء الحضانة؛ لأن الولاية على النفس حق من حقوق المولى عليه. وصلاحيات ولي النفس: هي التأديب والتهذيب، ورعاية الصحة، والنمو الجسمي، والتعليم والتثقيف في المدارس، والإشراف على الزواج. وإذا كان القاصر أنثى وجب حمايتها وصيانتها، ولا يجوز للولي تسليمها إلى من يعلمها صناعة أو حرفة تختلط فيها بالرجال. (المبحث الأول ـ الولاية على النفس، ج: 10، ص: 7328، مط: دار الفكر - سورية - دمشق)
وفی البحر الرائق شرح كنز الدقائق: (قوله والأم والجدة أحق بالغلام حتى يستغني وقدر بسبع) ؛ لأنه إذا استغنى يحتاج إلى تأديب والتخلق بآداب الرجال وأخلاقهم والأب أقدر على التأديب والتعنيف، الخ(کتاب الطلاق، باب الحضانۃ، ج: 4، ص: 184، مط:دارالکتاب الاسلامی)