احکام نماز

زبان میں توتلے پن کی وجہ سے نماز میں قراء ت کا حکم

فتوی نمبر :
69262
| تاریخ :
عبادات / نماز / احکام نماز

زبان میں توتلے پن کی وجہ سے نماز میں قراء ت کا حکم

میں جب نماز پڑھتا ہوں تو میری زبان بالکل کام نہیں کرتی ، مجھے بہت تکلیف ہوتی ہے ، جبکہ زبان کے توتلاپن کی وجہ سے میں نماز کے الفاظ بھی صحیح طور پر ادا نہیں کر سکتا ، جبکہ دنیاوی معاملات میں میری زبان صحیح کام کرتی ہے ، اس لئے میں کیا کروں ؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

سائل نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ اسے دورانِ نماز مطلقاً قراءت کرنے میں دشواری پیش آتی ہے یا بعض مخصوص الفاظ اور سورتوں کو پڑھنے میں دشواری کا سامنا ہے ، تاکہ اسی کے مطابق جواب دیا جاتا ، تاہم اگر سائل کو دورانِ نماز مخصوص الفاظ کی ادائیگی یا سورتوں کے پڑھنے میں مشکل پیش آرہی ہو تو ایسی صورت میں اپنی نمازوں میں ایسی آیتِ مبارکہ اور سورتوں کے پڑھنے کا اہتمام ضروری ہے ، جو سہولت اور آسانی کے ساتھ بغیر کسی غلطی کے پڑھی جاسکیں ، تاہم اگر یہ دشواری کسی خاص سورت اور الفاظ کے ساتھ خاص نہ ہو بلکہ مطلقاً قراءت کرنے اور الفاظ کی درست ادائیگی میں مستقل طور پر پیش آرہی ہو ، تو ایسی صورت میں سائل بقدرِ وسعت حتی الامکان درست ادائیگی کی کوشش کرے اور اس کے باوجود بھی اگر کوئی کمی رہ جائے تو اس کی وجہ سے صحتِ نماز پر کوئی فرق نہیں پڑے گا ، تاہم سائل کو کسی مشاق قاری کے ساتھ الفاظ کی درستگی اور صحیح پڑھنے کی کوشش کرنی چاہیئے ۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی الھندیۃ : ( و منھا ) ذکر حرف مکان حرف ان ذکر حرفا مکان حرف و لم یغیر المعنٰی بان قرأ ان المسلمون ان الظالمون و ما اشبہ ذلک لم تفسد صلاتہ و ان غیر المعنٰی فان امکن الفصل بین الحرفین من غیر مشقۃ کالطاء مع الصاد فقرأ الطالحات مکان الصالحات تفسد صلاتہ عند الکل و ان کان لا یمکن الفصل بین الحرفین الا بمشقۃ کالظاء مع الضاد و الصاد مع السین و الطاء مع التاء اختلف المشائخ قال اکثرھم لا تفسد صلاتہ ( الی قولہ ) و ان جری علی لسانہ او کان لا یعرف التمیز لا تفسد و ھو اعدل الاقاویل و المختار ھکذٰا فی الوجیز للکردی ۔ و من لا یحسن بعض الحروف ینبغی ان یجھد و لا یعذر فی ذلک فان کان لا ینطق لسانہ فی بعض الحروف ان لم یجد آیۃ لیس فیھا تلک الحروف تجوز صلاتہ و لا یؤم غیرہ و ان وجد آیۃ لیس فیھا تلک الحروف فقرأھا جازت صلاتہ عند الکل و ان قرأ الایۃ التی فیھا تلک الحروف قال بعضھم لا یجوز الخ ( الفصل الخامس فی زلۃ القاری ج 1 صـ 79 ط : ماجدیہ ) ۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد مبارز الیاس عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 69262کی تصدیق کریں
0     924
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات