کیا فرماتے ہیں مفتیان کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ ایک شخص سنت مؤکدہ کی نماز پڑھ رہا ہو اور اس دوران نماز جنازہ حاضر ہو کر نماز جنازہ شروع ہوجائے ، تو کیا وہ سلام پھیر کر نماز جنازہ میں شریک ہوگا یا اپنی نماز پوری کرے گا ؟ براہ کرم راہنمائی فرمائیں !
اگر کوئی شخص سنت نماز پڑھنے میں مشغول ہو اور اس دوران نمازِ جنازہ شروع ہوجائے ،تو اگر سنتوں میں مشغولیت کی وجہ سے نمازِ جنازہ فوت ہونے کا خوف ہو ، تو ایسی صورت میں نمازِ جنازے میں شرکت کے لئے سنت نماز توڑی جاسکتی ہے ، تاہم بعد میں اس کی قضا کی جائے ۔
کما فی الدرالمختار : أو كان في النفل فجيء بجنازة و خاف فوتها قطعه لإمكان قضائه الخ ( کتاب الصلوۃ ، باب ادراک الفریضۃ ، ج۲، ص۵۱ ، ط۔ ایم سعید )۔