(1)کیا میں کریپٹو کرنسی جیسے بٹ کوائن اور دیگر پر سرمایہ کاری کر سکتا ہوں؟ 2-کیا میں فاریکس کموڈٹیز جیسے گولڈ، سلور اور دیگر پر سرمایہ کاری کر سکتا ہوں اور بروکر کے ذریعے ریٹ زیادہ ہونے پر اپنی سرمایہ کاری فروخت کر سکتا ہوں؟ 3- کیا میں حصص کی مارکیٹ میں شریعت کے مطابق کمپنیوں پر سرمایہ کاری کر سکتا ہوں اور جب حصص منافع میں ہوں تو حصص فروخت کر سکتا ہوں؟
ہماری اب تک کی معلومات کے مطابق کرپٹو کرنسی کا کوئی حسی وجود نہیں ہے ، بلکہ محض ڈیوائس میں موجودگی اور ضمان کی حدتک اس کو کرنسی خیال کیا جاتا ہے ، جبکہ ملکی قانون میں اس کو مبادلہ اور خرید و فروخت کے لئے استعمال کرنے کی مکمل اجازت بھی نہیں دی گئی ۔ اس لئے مذکور کرنسی میں سرمایہ کاری کرنے سے احتراز لازم ہے ۔
(2) فاریکس ٹریڈنگ میں عام طور پر خرید وفروخت مقصود نہیں ہوتی، بلکہ فرق برابر کر کے نفع کمانا مقصود ہوتا ہے ، اسی وجہ سے اس کا روبار میں عموماً قبضہ کے بغیر ہی وہ چیز آگے بیچ دی جاتی ہے،جوکہ شرعاً جائز نہیں ، اس لئے عام حالات میں تو یہ کاروباردرست نہیں ، جس سے احتراز لازم ہے ، تا ہم اگر کوئی شخص اپنے کسی وکیل کے ذریعے حلال اشیاء خریدنے کے بعد ان پر قبضہ کر کے پھرآگے بیچے تو بلا شبہ اس کا نفع بھی حلال ہوگا ، مگر چونکہ اس کاروبارمیں عموماً ایسا نہیں ہوتا ، اس لئے اس سے احتراز لازم ہے۔
(3) اسٹاک مارکیٹ میں کسی بھی کمپنی کے شیئرز کی خرید و فروخت درجِ ذیل شرائط کا لحاظ رکھتے ہوئے جائز ہے۔
1۔ جس کمپنی کے شیئرز خرید نے جارہے ہیں اس کمپنی کا بنیادی کاروبار حلال ہو۔
2۔ فیس ویلیو سے کم و بیش پر فروخت کرنے کے لئے ضروری ہے کہ اس کمپنی کے کل اثاثے سیال یعنی نقد رقم کی شکل میں نہ ہوں بلکہ کمپنی نے کچھ فکسڈ اثاثے ( بلڈنگ مشینری وغیرہ) حاصل کر لیے ہوں، ورنہ فیس ویلیو سے کم و بیش پر فروخت کرنا جائز نہ ہو گا۔
3۔ اگر کمپنی کا بنیادی کاروبار تو حلال ہو، لیکن کمپنی سودی لین دین کرتی ہو تو اس صورت میں اس کی سالانہ میٹنگ میں سودی لین دین کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔
4۔ چوتھی شرط جو حقیقت میں تیسری شرط کا ایک حصہ ہے وہ یہ کہ جب منافع تقسیم ہوں تو وہ شخص انکم اسٹیٹمنٹ کے ذریعے معلوم کرلے کہ آمدنی کا کتنا فیصد حصہ سودی ڈیپازٹ سے حاصل ہوا ہے ، پھر جتنا حصہ سودی ڈپازٹ سے حاصل ہوا ہے اس کو بلا نیتِ ثواب صدقہ کردے۔
لہذا مذ کوہ بالا تمام شرائط کی مکمل پابندی کے ساتھ اگر اسٹاک مارکیٹ میں انویسٹمنٹ کی جائے تو اس سے حاصل شدہ نفع بھی حلال ہو گا۔
کما فی سنن ابن ماجه: عن ابن عباس رضی اللہ تعالی عنہ قال، قال رسول اللہ ﷺ من ابتاع طعاماً فلا یبعه حتی یستوفیه قال أبو عوانة فی حدیثه، قال ابن عباس واحسب کل شئ مثل الطعام اھ )ج: 3،ص: 749)
وفی الجوھرۃ النیرۃ : قوله(ومن اشتری شیئاً ممن ینقل و یحول لم یجزله بیعه حتی یقبضه) مناسبة ھذہ المسئلة بالمرابحة والتولیة، ان المرابحة انما تصح بعد القبض ولا تصح قبلھا اھ( ج: 2 ص: 210 )
وفی الفتاوي الھندیة : ومنھا القبض فی بیع المشتری المنقول الخ (ج: 3، ص: 3 کتاب البیوع، ط : ماجدیه)
تصاویر والے ڈبوں اور پیکٹوں میں پیک شدہ اشیاء کا کاروبار-نسوار اور سگریٹ کا کاروبار
یونیکوڈ کاروبار 0