نکاح

ایک ہی مجلس میں گواہ نہ ہوتے ہوئے فون کال پر کئے گئےنکاح کا حکم

فتوی نمبر :
70981
| تاریخ :
2024-02-17
معاملات / احکام نکاح / نکاح

ایک ہی مجلس میں گواہ نہ ہوتے ہوئے فون کال پر کئے گئےنکاح کا حکم

السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ! میرا نام زید ہے ،میں ممبئی انڈیا کا رہنے والا ہوں، میں ایک مسئلہ میں پھنس گیا ہوں اور میں اس کا حل چاہتا ہوں،آپ کی خدمت میں ،میں اپنا سوال رکھنا چاہتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ مجھے جواب ملے گا۔
سوال یہ ہے کہ میں اور میرے ماموں کی بیٹی ہم دونوں محبت کرتے ہیں، لیکن ہم دونوں نے بچھڑ جانے کے ڈر سے نکاح کرنے کا فیصلہ کیا، اور ہم نے نکاح اس طرح کیا کہ ایک طرف میرے ماموں کی بیٹی فون پر تھی اور دوسری طرف میں اور اسی کال میں جوائنٹ میرا دوست بھی تھا اور بنا کچھ پڑھے میرے دوست نے کہا فرحان !تمہیں یہ لڑکی اتنے مہر کے عوض میں قبول ہے؟ تو میں نے کہا ہاں !مجھے قبول ہے اور اسی طرح اس نے لڑکی سے بھی دوہرایا، دو گواہوں کی موجودگی ایسے ہوئی کہ میں بھی تنہا تھا اور وہ لڑکی بھی تنہا تھی ،نہ وہاں کوئی گواہ تھا، نہ یہاں، جو گواہ تھا وہ تیسری جگہ موجود تھا جس نے نکاح پڑھایا ،اس کے ساتھ موجود تھا، تو کیا ہمارا نکاح ہو گیا ہے ؟مجھے اس کا جواب دے دیجئے۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہو کہ نکاح کے درست منعقد ہونے کیلئے لڑکا لڑکی یا ان کی طرف سے مقرر کردہ وکیلوں کا مجلس نکاح میں ایجاب و قبول کرنا اور شرعی گواہان کا اسی مجلس میں موجود ہوتے ہوئے ایجاب وقبول سننا شرعاً لازم ہے، اس کے بغیر نکاح درست منعقد نہ ہوگا، لہذا صورت مسئولہ میں لڑکا لڑکی اور گواہان کی مجلس چونکہ مختلف ہے، اس لئے یہ نکاح درست منعقد نہیں ہوا، چنانچہ دونوں کا ایک ساتھ میاں بیوی کی طرح رہنا شرعاً جائز نہیں جس سے بہر صورت احتراز لازم ہے۔
جبکہ یہ بات ذہن نشین رہےکہ والدین کی اجازت اور رضامندی کے بغیر اس طرح چھپ کر نکاح کرنا انتہائی جسارت اور بےشرمی پر مبنی عمل ہے، شریف خاندانوں میں اس طرح کے نکاح کو انتہائی معیوب سمجھا جاتا ہے، لہذا آئندہ کیلئے دوبارہ والدین کی اجازت ورضامندی کے بغیر ہرگز ایسا اقدام نہ اٹھایا جائے۔

مأخَذُ الفَتوی

کمافی الدرالمختار: (وشرط سماع کل من المتعاقدین لفظ الآخر) لیتحقق رضاھا (و) شرط (حضور) شاھدین (حرین) او حرتین (مکلفین سامعین قولھما معاً الخ (ج3 صـ21-22 کتاب النکاح ط: ایچ ایم سعید)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
عبدالحنان رمضان عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 70981کی تصدیق کریں
0     1426
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات