نکاح

کیا سنی لڑکے کا شیعہ مکتب فکر کی لڑکی سے نکاح کرنا جائز ہے؟

فتوی نمبر :
74397
| تاریخ :
2024-07-07
معاملات / احکام نکاح / نکاح

کیا سنی لڑکے کا شیعہ مکتب فکر کی لڑکی سے نکاح کرنا جائز ہے؟

میں شیعہ مکتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی سے نکاح کرنا چاہتا ہوں، وہ اسلام کے تمام خلفاء کو مانتی ہے، وہ پانچ وقت نماز کی پابندی کر تی ہے،اور ہر اس بات کا اہتمام کرتی ہے جو ہم سنی لوگ انجام دیتے ہیں ، وہ امام بارگاہ بھی نہیں جاتی اور نہ ماتم کرتی ہے، تو کیا اسلام میں ہمارا نکاح جائز ہے؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ مسلمان ہونے کے لئے فقط ظاہری اعمال کی درستگی کافی نہیں ،بلکہ بنیادی عقائد بھی قرآن و سنت کے مطابق ہونا ضروری ہے، لہذا سوال میں مذکور لڑکی اگر واقعۃً کفریہ عقائد جیسے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو خدا ماننا ، قرآنِ کریم میں تحریف کا قائل ہونا ، یا جبرائیل علیہ السلام کے وحی لانے میں غلطی کرنے کا عقیدہ رکھنا ، یا حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا پر لگائی جانے والی تہمت کو سچا ماننا ، یا حضرت ابو بکر صدیق کی صحابیت کا منکر ہونا، یا اس قسم کا کوئی دوسرا قرآنِ کریم کے صریح امر کے مخالف کفریہ عقیدہ نہ رکھتی ہو، تو سائل کے لئے اگر چہ اس سے نکاح کرنا جائز ہے، تاہم مقاصد نکاح میں سے زوجین اور ان کے خاندان کے درمیان ہم آہنگی اور موافقت کا پایا جانا بھی ہے اور میاں بیوی کے درمیان نظریاتی اختلاف کی موجودگی، اس میں رکاوٹ کا باعث بن سکتی ہے، اس لئے سائل کو چاہیئے کہ اس لڑکی سے نکاح کے بجائے کسی صحیح العقیدہ سنی لڑکی سے نکاح کو ترجیح دے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی رد المحتار: نعم لا شك في تكفير من قذف السيدة عائشة - رضي الله تعالى عنها - أو أنكر صحبة الصديق، ‌أو ‌اعتقد ‌الألوهية ‌في ‌علي ‌أو ‌أن ‌جبريل ‌غلط ‌في ‌الوحي، أو نحو ذلك من الكفر الصريح المخالف للقرآن اھ (ج4، ص237، ط: سعید)۔
و فیہ ایضاً: وبهذا ظهر أن الرافضي إن كان ممن يعتقد الألوهية في علي، أو أن جبريل غلط في الوحي، أو كان ينكر صحبة الصديق، أو يقذف السيدة الصديقة فهو كافر لمخالفته القواطع المعلومة من الدين بالضرورة، ‌بخلاف ‌ما ‌إذا ‌كان ‌يفضل ‌عليا ‌أو ‌يسب ‌الصحابة ‌فإنه ‌مبتدع لا كافر اھ (ج3، ص46، ط: سعید)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد عبدالرب لحاظ عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 74397کی تصدیق کریں
0     493
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات