نکاح

اولیاءکو بتائے بغیر فون پر خفیہ نکاح کرنا

فتوی نمبر :
76871
| تاریخ :
2024-07-26
معاملات / احکام نکاح / نکاح

اولیاءکو بتائے بغیر فون پر خفیہ نکاح کرنا

شیخ صاحب میں سعودیہ میں رہتاہوں اور پاکستان میں ایک لڑکی کو پسند کیا ہے، پر والدین ماننے میں ٹائم لے رہے ہیں، ابھی امید ہے کہ نومبر کے مہینے میں جب میں پاکستان آؤنگا، وہ میرا نکاح کروادینگے، لیکن کنفرم نہیں ہے، ابھی انہیں منایا جارہا ہے،اس دوران ہم دونوں مجھے اور لڑکی سے صبر نہیں ہوتا، وائس کال اور ویڈیو کال پر بات کرنے کو دل کرتاہے،ہم دونوں اپنے آپ کو اس گناہ سے بچانا چاہتے ہیں،تو کیا اس صورت حال میں فون پر چھپ کر نکاح کرسکتے ہیں؟ ہمارا کفؤ شریعت کے حساب سے ملتا ہے،میرے والد کو ایک مسئلہ ہے کہ لڑکی بنگالی ہے،اور ہم ملک ہیں، اسکے علاوہ شریعت ودنیاوی لحاظ سے رشتہ جوڑ کا ہے، اب اگر فون پر چھپ کر نکاح جائز ہے تو صحیح طریقہ بیان فرمادیں،اور پھر جب گھر والے راضی ہوجائیں گے، تو ان کے سامنے ہم ایک مرتبہ پھر نکاح کرلیں گے یا انکو بتائیں گے کہ ہم نے نکاح کرلیا ہے۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

اولاً تو اولیاء کی رضامندی کے بغیر بالغ لڑکے ولڑکی کا اپنی مرضی سے چھپ کر نکاح کرنا اخلاقاً وعرفاً انتہائی نامناسب اور بڑی جسارت پر مبنی عمل ہے،اور شریف خاندانوں میں اسے انتہائی قبیح سمجھا جاتا ہے،ثانیاً نکاح کی صحت اوردرستگی کے لئے ضروری ہے کہ عقد ِنکاح کرتے وقت باقاعدہ مجلسِ عقد کے اندر دو گواہوں کی موجودگی میں حق مہر کے تقرر کے ساتھ باضابطہ ایجاب وقبول کیا جائے ورنہ نکاح منعقد نہ ہوگا، جبکہ آنلائن نکاح کرنے کی صورت میں صحتِ نکاح کی شرائط موجود نہیں ہوتی، اسلئے سائل کو چاہیئے کہ اپنی زندگی کےاس اہم فیصلہ میں وقتی جذبات اورخواہش کوترجیح دینے کے بجائے دونوں کے والدین کی رضامندی کو ترجیح دیکر مناسب وقت کا انتظار کرے، اور جب تک اس لڑکی سے باقاعدہ نکاح نہیں ہوجاتا، اس وقت تک دونوں ایک دوسرے کے لئے نامحرم اور اجنبی ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے بات چیت اور بے تکلفی اختیار کرنے سے اجتناب کریں۔

مأخَذُ الفَتوی

کمافی الدرالمختار: (وشرط سماع کل من المتعاقدین لفظ الآخر) لیتحقق رضاھا (و) شرط (حضور) شاھدین (حرین) او حرتین (مکلفین سامعین قولھما معاً الخ (ج3 صـ21-22 کتاب النکاح ط: ایچ ایم سعید)۔
وفی الھندیۃ: یصح التوکیل بالنکاح وان لم یحضرہ الشھود الخ (ج1 صـ294 کتاب النکاح ط: ماجدیۃ)۔
وفی الھدایۃ: النکاح ینعقد بالایجاب والقبول بلفظین یعبربھما عن الماضی الخ (ج2 صـ4 کتاب النکاح ط: انعامیۃ)۔

واللہ تعالی اعلم بالصواب
عبدالحنان رمضان عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 76871کی تصدیق کریں
0     699
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات