نکاح

لڑکے کا لڑکی کا وکیل بن کر دو گواہوں کے سامنے خود سے اس کا نکاح کروانے سے نکاح ہوجاتا ہے؟

فتوی نمبر :
79394
| تاریخ :
2024-11-17
معاملات / احکام نکاح / نکاح

لڑکے کا لڑکی کا وکیل بن کر دو گواہوں کے سامنے خود سے اس کا نکاح کروانے سے نکاح ہوجاتا ہے؟

اسلام وعلیکم محترم مفتی صاحب ہمارے ایک رفیق نے لڑکی جو کہ عاقل و بالغ اور مسلمان ہے سے موبائل فون پر اس کے نکا ح کے لیے وکیل بننے کی اجازت لی تاکہ وہ اس لڑکی سے نکاح کرسکے اور لڑکی نے اپنے ہوش و حواس میں اسے اجازت دے دی تو میرے اس دوست نے میں اور میرے ایک اور دوست کو گواہ بناتے ہوئے ہمارے سامنے کچھ اس طرح نکا ح کیا "میں تم دونوں گواہوں کی موجودگی میں اُس لڑکی کو اپنے نکاح میں قبول کرتا ہوں۔ لڑکالڑکی دونو ں کفو ہیں، اور نکاح کے وقت گواہ کے سامنے لڑکی کا نام اور لڑکی کے باپ دادا کا نام اور لڑکی کے گھر کا پتہ بھی بالکل صحیح اور واضح ذِکر کر دیا گیا تھا، لیکِن دونوں گواہ لڑکے کے دوست ہیں، جو لڑکی کو یا لڑکی کے باپ دادا کو نہیں پہچانتے "، کیا یہ نکاح منعقد ہوگیا ہے؟ اور اس کی ویڈیو بھی بنائی گئی ہے اور اس لڑکی کو بھی دکھائی گئی ہے۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

اگر کوئی عاقلہ و بالغہ لڑکی کسی شخص کو خود سے اپنے نکاح کا وکیل بنائے اور وہ لڑکا دو عاقل و بالغ گواہوں کی موجودگی میں اس لڑکی کو ایجاب و قبول کے ساتھ اپنی منکوحہ تسلیم کرلے تو اس سے وہ لڑ کی اس کی بیوی بن جائے گی اور ان دونوں کا نکاح درست منعقد ہوجائے گا بشرطیکہ دونوں ایک دوسرے کے لئے کفؤ ہوں ۔ لہذا صورتِ مسؤلہ میں مذکور لڑکی نے اپنے نکاح کے لئے جس شخص کو موبائل کے ذریعہ اپنے نکاح کا وکیل اس طور پر بنایا تھا کہ وہ اس کا نکاح اپنے ساتھ کردے اور مذکور شخص نے دو گواہوں کی موجودگی میں لڑکی کا نکاح اپنے ساتھ کرلیا اور وہ باہم کفؤ بھی ہوں، تو یہ نکاح اگرچہ صحیح منعقد ہوگیا ہے ، تاہم اولیاء کی رضامندی کے بغیر خفیہ طور پر اس طرح کا اقدام کرنا اخلاقاً انتہائی معیوب اور بے حیائی پر مبنی طرزِ عمل ہے اور آئندہ کے لئے یہ بہت سارے مفاسد کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے ۔ اس لئے لڑکا اور لڑکی دونوں پر لازم ہے کہ وہ اپنے اولیاء کو اعتماد میں لیکر ازدواجی زندگی اختیار کریں ان کی رضا حاصل کیے بغیر مزید کسی بھی قسم کے اقدام سے احتراز چاہیے ۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی الھدایۃ: إذا أذنت المرأۃ للرجل أن یزوجھا من نفسہ فعقد بحضرۃ الشاھدین جاز : ( إلی قولہ ) و إذا تولی طرفیہ فقولہ ( زوجت ) یتضمن الشطرین و لا یحتاج إلی القبول إلخ ( کتاب النکاح ، فصل فی الوکالۃ بالنکاح ، ج 1 ، ص 25 ، ط مکتبۃ انعامیۃ )-
و فی الھندیۃ : نفذ نکاح حرۃ مکلفۃ بلا ولی عند أبی حنیفۃ و أبی ویوسف رحمھما اللہ تعالی فی ظاھر الروایۃ کذا فی التبیین سئل شیخ الإسلام عطاء بن حمزۃ عن امرأۃ شافعیۃ بکر بالغۃ زوجت نفسھا من حنفی بغیر إذن أبیھا و الأب لا یرضی و ردہ ھل یصح ھذا النکاح قال نعم إلخ ( کتاب النکاح ، ج 1 ص 287 ، ط مکتبۃ الماجدیۃ )-

واللہ تعالی اعلم بالصواب
بشیر احمد جمعہ عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 79394کی تصدیق کریں
0     11
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات