میرے بھائی نے ایک یوکرینی لڑکی سے شادی کی اور ہمیں بتایا کہ وہ ایک عیسائی لڑکی ہے ۔اس نے اپنی شادی کے وقت اسلام قبول نہیں کیا تھا ، یہ نکاح عدالت میں ہوا جس میں اس کو مسلم لکھا گیا تھا ۔ شادی کے ایک سال بعد اس نے مجھے بتایا کہ وہ ایک ملحدہ ہے ، لیکن اسے یقین تھا کہ کوئی ایسی طاقت ہے جو ہر چیز کو کنٹرول کررہی ہے ۔ اس نے کبھی اپنے مذہب کی تصدیق نہیں کی ،اپنی شادی کے دو سال بعد اس نے پیسے مانگنا شروع کردیے اور ہمارے خاندان کے لئے مسائل پیدا کرنا شروع کردیے۔ اسلام میں مذکور اپنا حصہ پانے کے لئے اس نے اس کا بطورِ مسلمان ذکر شروع کردیا ۔ ہم اس کا مذہب کیا سمجھیں ؟
واضح ہو کہ کتابیہ لڑکی سے کسی مسلمان کا نکاح کرنا بکراہت جائز ہے ۔ جبکہ دہریہ ، ملحدہ ،ہندو ، اور مشرکہ لڑکی سے نکاح کرنا جائز نہیں إلّا یہ کہ وہ اپنے کفریہ عقائد سے توبہ کرکے مسلمان ہو جائے تو بلا شبہ ایسی لڑکی سے بھی شادی کرنا کسی بھی مسلمان کے لئے جائز ہوگا ۔ لہذا صورتِ مسؤلہ میں سائلہ کے بھائی نے جس لڑکی سے نکاح کیا ہے وہ اگر واقعۃ ً ملحدہ ہو تو شرعاً یہ نکاح منعقد ہی نہیں ہوا ، اس لڑکی سے علیحدہ ہونا لازم ہے ۔ سائلہ کے بھائی کو چاہیئے کہ مقامی طور پر علماء کونسل سے رابطہ کرکے اس کے مکمل عقائد و نظریات کی تفصیلات سامنے رکھ کر حکمِ شرعی معلوم کرے ، تا ہم اگر مذکورہ لڑکی اہل ِ کتاب ( عیسائی ) ہو تو یہ نکاح اگرچہ منعقد ہو چکا ہے ، لیکن چونکہ اس سے آنے والی نسل کے ایمان و اخلاق کے خراب ہونے کا اندیشہ ہے اس لئے اس طرح کی لڑکی کو اپنی نکاح میں رکھنے سے احتراز چاہیئے ۔
کما قال اللہ تعالیٰ : ( و لا تنکحوا المشرکات حتیٰ یؤمن و لأمۃ مؤمنۃ خیر من مشرکۃ و لو أعجبتکم ( البقرۃ : 221 )-
و فی الدر المختار : ( و ) حرم نکاح ( الوثنیۃ ) بالإجماع ( و صح نکاح کتابیۃ ) و إن کرہ تنزیھیاً ( مؤمنۃ بنبی ) مرسل ( مقرۃ بکتاب ) منزل و إن اعتقدوا المسیح إلٰھاً وکذا حل ذبیحتھم علی المذھب بحر، و فی البحر مناکحۃ المعتزلۃ لأنا لا نکفر أحداً من أھل القبلۃ إن وقع إلزاماً فی المباحث ( لا ) یصح نکاح ( عابد کوکب لا کتاب لھا ) و لا وطؤھا بملک یمین و المجوثیۃ و الوثنیۃ إلخ ( کتاب النکاح ، فصل فی المحرمات، ج 3، ص 45، ط سعید )-