نکاح

نکاح کرنے کی نیت سے کسی لڑکی سے تعلق رکھنا

فتوی نمبر :
92606
| تاریخ :
2026-02-25
معاملات / احکام نکاح / نکاح

نکاح کرنے کی نیت سے کسی لڑکی سے تعلق رکھنا

محبت کرنا جائز ہے یا نہیں ، اگر جائز ہے تو اس کی حدود کیاہیں ؟ آج کے زمانے میں اسکول کالجز میں ساتھ ہونا، بات کرنا کیسا ہے؟ جس سے محبت ہو ، اس سے نکاح کا پورا ارادہ ہو تو؟

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

واضح ہوکہ محبت ایک طبعی اور فطری چیز ہے، اس لیے محض دل میں کسی کے لیے میلان یا پسندیدگی پیدا ہو جانا بذاتِ خود گناہ نہیں ،چنانچہ شریعتِ مطہرہ نے مرد و عورت کے تعلق کو پاکیزہ اور محفوظ رکھنے کے لیے نکاح کا راستہ مقرر فرمایا ہے۔لہٰذا اگر کسی لڑکے یالڑکی کے دل میں نکاح کے ارادے سے کسی کے لیے پسندیدگی پیدا ہو جائے تو اس کی جائز صورت یہی ہے کہ والدین اور بڑوں کے ذریعے مناسب طریقہ سے نکاح کی کوشش کی جائے۔ البتہ نکاح سے پہلے غیر محرم لڑکے اور لڑکی کا بلا ضرورت میل جول، تنہائی، بے تکلف گفتگو، چیٹنگ، کالز، جذباتی تعلقات اور عشق و محبت کے نام پرکسی بھی قسم کا تعلق قائم کرنا شرعاً ناجائزاور گناہ ہے،جس سے احترازلازم ہے۔اسی طرح اسکول، کالج یا یونیورسٹی میں مرد و عورت کامخلوط نظامِ تعلیم قائم کرنابھی شرعاًجائزنہیں ہے ،تاہم اگربامرمجبوری مرد و عورت ساتھ پڑھتے ہوں تو ضرورت کے درجے میں باپردہ ،تعلیم یا تعلیمی امور کی حدتک، باوقار اور محدود گفتگو کی گنجائش ہے، لیکن دوستانہ تعلقات، غیر ضروری باتیں، ہنسی مذاق، مستقل رابطہ یا “محبت” کے نام پر تعلقات قائم کرنا(اگرچہ بعد میں نکاح کا ارادہ ہی کیوں نہ ہو) جائز نہیں ؛ کیونکہ شریعت نے جائز مقصد کے حصول کےلیے بھی ناجائز راستہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی ہے،اس لیے اس قسم کے تمام امور سے اجتناب لازم ہے۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی الدر المختار: الخلوة بالأجنبية حرام إلا لملازمة مديونة هربت ودخلت خربة أو كانت عجوزا شوهاء أو بحائل، والخلوة بالمحرم مباحة إلا الأخت رضاعا، والصهرة الشابة وفي الشرنبلالية معزيا للجوهرة: ولا يكلم الأجنبية إلا عجوزا عطست أو سلمت فيشمتها لا يرد السلام عليها وإلا لا انتهى۔اھ (6/ 368)
وفی الفقه الإسلامي وأدلته: وأما المعاشرة قبل الزواج والذهاب معاً إلى الأماكن العامة وغيرها، فهو كله ممنوع شرعاً۔اھ (9/ 6508)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد رمضان عبدالعلی عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 92606کی تصدیق کریں
0     63
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات