بہ گرامئیِ خدمتِ اقدس جناب محترم مفتی صاحب مدظلکم العالی
السلام علیکم ورحمتہ اللہ
کیا فرماتے ہیں علماءِ کرام کہ ایک صنعتی ادارے کی کالونی جس میں امام ومؤذن با قاعدگی سے نمازِ پنجگانہ باجماعت کا اہتمام فرماتے ہیں، نیز جمعۃ المبارک کا بھی مکمل انتظام ہے، اس ادارے میں کارکنان مختلف اوقاتِ کار میں اپنے فرائضِ منصبی سر انجام دیتے ہیں، جس کی وجہ سے تمام ملاز مین ایک ہی وقت میں نمازِ جمعۃ المبارک ادانہیں کر سکتے ، اس لۓ جمعۃ المبارک کی پہلی نماز ایک بج کر پندرہ منٹ پر مسجد کے باہرسبزہ لان میں پڑھائی جاتی ہے اور ٹھیک ڈھائی بجے جمعۃ المبارک کی دوسری نماز مسجد کے اندر پڑھائی جاتی ہے ، ان دونوں نمازوں کے وقت کا فرق صرف اور صرف ملازمین کی ڈیوٹی کے اوقاتِ کار کی تبدیلی کے پیش نظر رکھا گیا ہے، اس میں کسی قسم کی گروہ بندی اور فرقہ واریت ملوث نہیں ہے۔
جواب طلب مسئلہ یہ ہے کہ سخت گرمی کے پیشِ نظر دونوں نمازوں کی ادائیگی مسجد میں جگہیں تبدیل کر کے ہال میں ایک ہی جگہ پر ، کی جاسکتی ہے یا نہیں ؟ جواب عنایت فرما کر مشکورفرمائیں۔
نوٹ: یعنی ایک نماز مسجد کے اندر ہال میں اور دوسری جماعت مسجد کے صحن میں ادا کر سکتے ہیں یا نہیں؟
صورتِ مسئولہ میں مذکور ترتیب کے موافق ایک ہی مسجد میں بلا عذرِ شرعی نمازِ جمعہ کا تکرار جائز نہیں، جس سے احتراز اور ایک وقت میں تمام ملازمین کا چھٹی کر کے باجماعت نمازِ جمعہ ادا کرنا لازم ہے ، محض کام کے تسلسل کے پیشِ نظر نمازِ جمعہ جیسی اہم ترین عبادت کو خراب کرنے سے احتراز چا ہیۓ، الا یہ کہ اگر قریب میں کوئی دوسری مسجد موجود ہو اور وقت میں بھی فرق ہو تو بعض کاریگر اس دوسری مسجد میں جا کر نمازِ جمعہ ادا کر سکتے ہیں ، اور اگر مشورہ سے اُس مسجد اور فیکٹری والی مسجد کا وقت کچھ وقت کے فرق کے ساتھ رکھا جائے تو یہ بہت ہی خوب ہے۔
فى مشكاة المصابيح: وعن أبي هريرة عن النبي صلى الله عليه وسلم قال: «لولا ما في البيوت من النساء والذرية أقمت صلاة العشاء وأمرت فتياني يحرقون ما في البيوت بالنار». رواه أحمد اھ (1/ 337)۔
وفی الدر المختار: ويكره تكرار الجماعة بأذان وإقامة في مسجد محلة لا في مسجد طريق أو مسجد لا إمام له ولا مؤذن اھ(1/ 552)۔
وفی حاشية ابن عابدين: (قوله ويكره) أي تحريما لقول الكافي لا يجوز والمجمع لا يباح وشرح الجامع الصغير إنه بدعة اھ (1/ 552)۔
وفیه أیضاً: والظاهر أنه يغلق أيضا بعد إقامة الجمعة لئلا يجتمع فيه أحد بعدها اھ (2/ 157)۔