السلام علیکم! میرا مسئلہ یہ ہے کہ میں جس وقت پیشاب کروں تو پیشاب کرنے کے 15 سے 20 منٹ بعد تک اٹھتے بیٹھتے ہوئے کپڑ ا گیلا ہو جاتا ہے، مطلب پیشاب کے بہت کم مقدار میں قطروں سے کپڑا گیلا ہو جاتا ہے، اب اگر نمازِ مغرب کا ٹائم ہے، جو کہ بہت کم وقت ہوتا ہے ،اذان اور نماز کے درمیان ، اب ان گیلے کپڑوں کو دھو کر نماز پڑھی جائے یا دوبارہ استنجاء کرکے انہی کپڑوں کے ساتھ نماز پڑھی جائے؟ مجھے اس طر ح ہر دفعہ پیشاب کرتے ہوے مسئلہ در پیش ہوتا ہے۔ شکریہ۔
سائل کو پیشاب کے قطرے اگر تسلسل کے ساتھ نہ آتے ہوں، بلکہ صرف پیشاب کرنے کے پندرہ ، بیس منٹ بعد تک آتے رہتے ہوں، تو ایسی صورت میں سائل معذور نہ ہوگا ، لہذا سائل کو چاہیئے کہ نماز سے آدھا پونا گھنٹہ پہلے پیشاب وغیرہ سے فارغ ہو جایا کرے، پھر جب قطروں کا آنا بند ہو جائے تو وضو کر کے نماز پڑھے ، تاہم اس کے بعد بھی اگر قطرے آجائیں تو اس سے سائل کا وضو ٹوٹ جائے گا، جس کے بعد سائل کو دوبارہ وضو کرنا اور جس جگہ قطرے لگے ہوں ، اسے دھو کر پاک کرنالازم ہو گا۔
كما فی الدر المختار :(وإن سال على ثوبه) فوق الدرهم (جاز له أن لا يغسله إن كان لو غسله تنجس قبل الفراغ منها) أي: الصلاة (وإلا) يتنجس قبل فراغه (فلا) يجوز ترك غسله، هو المختار للفتوى
اھ(1/ 305)۔