زکوۃ و نصاب زکوۃ

پوتوں اور پوتیوں کے لئے خریدے ہوئے سونے پر زکوٰۃ کا حکم

فتوی نمبر :
100736
| تاریخ :
0000-00-00
عبادات / زکوۃ و صدقات / زکوۃ و نصاب زکوۃ

پوتوں اور پوتیوں کے لئے خریدے ہوئے سونے پر زکوٰۃ کا حکم

گزارش یہ ہے کہ میں نے اپنے نواسوں ،پوتوں ،پوتیوں کے لئے سونا خریدا ہے اور وہ میرے پاس ہے ،زکوۃ میں خود اداکرتی ہوں ،بچوں کے والدین کو بتادیا ہے ،اصل میں وہ ڈلی کی شکل میں ہے اس کو ان میں تقسیم کرنا مشکل ہے ،یا تو میں بتاؤں کہ اس میں سب کے کتنے کتنے گرام بنیں گے ، کیا اس صورت میں اس پر زکوۃ کس کو دینی ہوگی بچوں کے والدین کو یا مجھے ؟ دوسری بات یہ ہے کہ "میں نے جو سونا خریدا ہے اپنے پوتے، پوتیوں اور نواسوں کے لیے ۔ ان سب کی تقسیم میں نے اپنے سب بچوں کو بتا دی ہے اور میں اس کی زکوٰۃ خود ادا کرتی ہوں۔ اس کے بارے میں بھی بتائیں کہ میں اپنی وصیت میں لکھوں، یا ان سب کو تقسیم کروں۔ یہ میں نے اس لیے لیا تھا کہ ان کی شادیوں یا ضرورت پڑنے پر انہیں دوں گی۔"
(2) میرے بیٹے نے مجھے کچھ رقم دی سولر لگوانے کے لئے مگر میں نے نہیں لگوایا کہ اس کی بیٹیاں ہیں اور اس کی رقم کا میں نے سونا خریدلیا اس پر میں زکوۃ دیتی ہوں ،اس صورت میں زکوۃ کس کو دینی ہوگی ؟
(3) ایک دکان میرے شوہر کے نام پر ہے ان کا رضائے الہی سے انتقال ہوگیا ۔وہ اس بلڈر نے قبضہ کرلی ہے کیا اس کی زکوۃ بھی نکالنی ہوگی ؟ اس کے علاوہ پوسٹ آفس اور درخشاں سوسایٹی کی زمین میرے نام پر ہے مگر صرف کاغذ پر ، ملی نہیں ہے اس پر قبضہ مافیا سب کی زمین پر قابض ہے ۔
مزید وضاحت : بیٹے نے رقم بطور ہبہ یعنی تحفہ دی تھی۔ اُس نے یہ کہا جب میں نے سولر نہیں لگوایا تو آپ کی مرضی، جو کریں، دکان ذاتی استعمال کے لیے خریدی تھی۔ شوہر نے اس میں کاروبار شروع کیا تھا بیماری کے بعد، اور انتقال کے بعد وہ دکان بند پڑی رہی۔ جب بچہ اس قابل ہوا کہ دکان سے فائدہ اٹھائے تو جس سے دکان لی تھی اُس نے اس پر قبضہ کر لیا۔ پوسٹ آفس اور درخشاں سوسائٹی کی زمین مکان بنانے کے لیے خریدی تھی۔ دونوں پر قبضہ ہے۔ مکمل ٹرانسفر پوری طرح نہیں ہے۔ رقم مانگتے رہتے ہیں وہ لوگ۔ ملکیت کا انتقال ہی مکمل نہیں ہوا ہے۔

الجوابُ حامِدا ًو مُصلیِّا ً

صورت مسئولہ میں سائلہ نے اگرچہ مذکورہ سونا اپنے نواسوں، پوتوں اور پوتیوں کو دینے کی نیت سے خریدا ہو اور انہیں یا ان کے والدین کو اس کے متعلق بتا بھی دیا ہو، لیکن فی الوقت چونکہ سائلہ نے مذکورہ سونا باقاعدہ طور پر ھبہ (گفٹ ) کرکے ان بچوں اور ان کے نابالغ ہونے کی صورت میں ان کے سرپرستوں کے حوالے نہیں کیا، اس لیے وہ سونا بدستور سائلہ ہی کی ملکیت شمار ہوگا، اور اس کا بقدر نصاب ہونے کی صورت میں اس پر زکوٰۃ کی ادائیگی بھی سائلہ کے ذمہ لازم ہوگی ، چنانچہ اگر سائلہ مذکورہ سونا اپنے نواسوں، پوتوں اور پوتیوں کو دینا چاہتی ہیں تو انہیں چاہئیے کہ اپنی زندگی ہی میں ہر ایک کا حصہ متعین کرکے ہر نواسے ،پوتے اور نواسی،پوتی کا حصہ الگ کرتے ہوئے انہیں اور ان کے نابالغ ہونے کی صورت میں ان کے والدین کے حوالہ کردیں تاکہ شرعاً بھی یہ ہبہ مکمل ہوجائے۔ اس طرح کرنے کے بعد مذکورہ سونا سائلہ کی ملکیت سے نکل جانے کی وجہ سے اس کی زکوۃ سائلہ پر لازم نہ ہوگی ۔
جبکہ سائلہ کے بیٹے نے اگر سولر لگوانے کے لیے رقم والدہ (سائلہ ) کو بطور گفٹ دی ہو ( جیساکہ وضاحتی نوٹ سے بھی معلوم ہوتا ہے) تو سائلہ اس رقم کی مالک بن گئی تھیں۔بعد ازاں اگر انہوں نے سولر لگوانے کے بجائے اس رقم سے سونا خرید لیا ہو تو وہ سونا بھی سائلہ کی ملکیت شمار ہوگا، اور جب تک وہ ان کی ملکیت میں رہے گا، زکوٰۃ کی شرائط پائے جانے کی صورت میں اس کی زکوٰۃ ادا کرنا سائلہ کے ذمہ لازم ہوگا۔
البتہ مذکورہ دکان اور درخشاں سوسائٹی کی زمین چونکہ تجارتی غرض سے نہیں خریدی گئی تھیں جیسا کہ وضاحتی نوٹ میں درج ہے تو ایسی صورت میں اس دکان اور زمین کی مالیت پر شرعاً زکوۃ واجب نہ ہوگی ۔

مأخَذُ الفَتوی

کما فی الشامیۃ : "(وشرطه) أي شرط افتراض أدائها (حولان الحول) وهو في ملكه (وثمنية المال كالدراهم والدنانير) لتعينهما للتجارة بأصل الخلقة فتلزم الزكاة كيفما أمسكهما ولو للنفقة (أو السوم) بقيدها الآتي (أو نية التجارة) في العروض، إما صريحا ولا بد من مقارنتها لعقد التجارة . (کتاب الزکوۃ، ج2،ص:267 ط:سعید)
وفیہ ایضاً : "(لا يبقى للتجارة ما) أي عبد مثلا (اشتراه لها فنوى) بعد ذلك (خدمته ثم) ما نواه للخدمة (لا يصير للتجارة) وإن نواه لها ما لم يبعه بجنس ما فيه الزكاة. والفرق أن التجارة عمل فلا تتم بمجرد النية؛ بخلاف الأول فإنه ترك العمل فيتم بها (وما اشتراه لها) أي للتجارة (كان لها) لمقارنة النية لعقد التجارة (لا ما ورثه ونواه لها) لعدم العقد إلا إذا تصرف فيه أي ناويا فتجب الزكاة لاقتران النية بالعمل.(کتاب الزکوۃ ج 2 ص:272/273 ط:سعید )
وفی الدر المختار للحصفكي:(وتتم) الهبة (بالقبض) الكامل (ولو الموهوب شاغلا لملك الواهب لا مشغولا به) والأصل أن الموهوب إن مشغولا بملك الواهب منع تمامها (کتاب الھبہ،ج5،ص:690 ط:سعید)
وفی الھندیۃ: لا يثبت الملك للموهوب له إلا بالقبض هو المختار، هكذا في الفصول العمادية.الخ(ج4 ص378 [الباب الثاني فيما يجوز من الهبة وما لا يجوز] کتاب الھبۃ ط ماجدیۃ)

واللہ تعالی اعلم بالصواب
محمد قاسم حسین عُفی عنه
دار الافتاء جامعه بنوریه عالمیه
فتوی نمبر 100736کی تصدیق کریں
0     17
Related Fatawa متعلقه فتاوی
Related Topics متعلقه موضوعات