کیا ایک باپ کا اپنی بہن یا بھائی کے حق میں ہوتے ہوئے اور ان کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی اولاد کی شادی یا کسی بھی خوشی میں بیٹھنے سے انکار کرنا جائز ہے یا ناجائز؟ وضاحت:السلام علیکم" مفتی صاحب! میرے سوال کی وضاحت میں میں کچھ چند باتیں آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں ،امید ہے کہ اس سے مجھے بہتر رہنمائی حاصل ہوگی، جیساکہ میں نے سوال نمبر ۲ میں خلاصہ کیا کہ میری والدہ اور پھوپھی کے درمیان اختلافات کا ، تو میرا یہ سوال اُسی طرف اشارہ کرتا ہے، لہٰذا موضوع یہ کہ میرے والد صاحب کا کہنا یہ ہے کہ میرا کوئی بھائی یا بہن کسی بھی اختلاف یا ہمارے گھر کے کسی بھی فرد سے ناراضگی کی وجہ سے اگر میری شادی یا میرے آنے والی کسی بھی خوشی میں شریک نہیں ہوتے تو میں (والد) بھی نہیں ہوں گا، میرا میرے والد کے ساتھ تعلق بہت عقیدت و محبت کا ہے، اور میں ان کا اور ان کے بہن بھائیوں کا بھی بہت احترام کرتا ہوں، میرے ان کے کسی بہن بھائی سے کوئی اختلاف نہیں ہے، اس کے باوجود انہوں نے اپنے بھائی اور بہن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، چاہے اس کے لیے اپنے بیٹے (یعنی میری) کی شادی کو چھوڑنا ہی کیوں نہ پڑے، میرے والد کی نیت یہ ہے بقول ان کے کہ میں یہ قدم اس لیے اٹھا رہا ہوں تاکہ لڑے ہوئے لوگوں کی صلح کروا سکوں، تو میرا سوال یہ ہے کہ اسلام اور شریعت میں میرے والد کا یہ عمل جائز ہے یا ناجائز کہ وہ اپنے بہن یا بھائی کے پیچھے اپنی اولاد کی خوشی کو چھوڑ دیں ، چاہے ان کے بہن ،بھائی حق پر ہوں یا نہ ہوں۔
صورتِ مسئولہ میں والد کا اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ صلہ رحمی کرنا اور ان کے باہمی اختلافات ختم کرکے صلح کرانے کی کوشش کرنا یقیناً نیک اور قابلِ قدر عمل ہے، لیکن کسی بے قصور اولاد کو محض اس وجہ سے اپنی خوشی سے محروم کرنا کہ اس کے چچا یا پھوپھی اس خوشی میں شریک نہیں ہو رہے، شرعاً مناسب نہیں،لہذا اگر سائل کا اپنے چچا یا پھوپھی سے کوئی اختلاف نہ ہو اور وہ ان کی حق تلفی کا مرتکب بھی نہ ہو رہا ہو اور نہ ہی ان کی ناراضگی میں اس کا کوئی کردار ہو ، تو والد کے لیے یہ کہنا کہ ’’اگر میرے بہن بھائی تمہاری شادی میں نہیں آئیں گے تو میں بھی نہیں آؤں گا‘‘ ایک بے قصور بیٹے کو دوسروں کے اختلاف کی سزا دینے کے مترادف ہے،جو انتہائی نامناسب اور قطع رحمی پر مبنی ہونے کی وجہ سے ناجائز ہے،جس کی وجہ سے وہ گناہ گار ہو رہے ہیں ،انہیں اپنے اس طرز عمل پر نظرِ ثانی کرنی چاہیے،البتہ اگر والد کا مقصد واقعی دونوں فریقوں میں صلح کرانا ہو اور ان کی عدم شرکت سے صلح کی کوئی حکمتِ عملی وابستہ ہو، تو نیتِ اصلاح کے پیشِ نظر انہیں گناہ گار قرار نہیں دیا جائے گا؛ لیکن پھر بھی بہتر طریقہ یہی ہے کہ وہ بیٹے کی شادی میں بھی شریک ہوں اور اسی موقع کو صلح و اصلاح کا ذریعہ بنائیں، اور اپنے بہن بھائیوں کے اختلاف کی وجہ سے بیٹے کو تنہا نہ چھوڑیں،جبکہ سائل کو بھی چاہیے کہ والد کے اس رویے کے باوجود ان کے ادب، محبت اور حسنِ سلوک میں کمی نہ کرے، ان کے ساتھ بحث و نزاع سے گریز کرتے ہوئے نہایت احترام سے عرض کرے کہ "آپ اپنے بہن بھائیوں کی صلح ضرور کرائیں، لیکن میری شادی میں شرکت نہ کرکے مجھے اپنی شفقت سے محروم نہ کریں "امید ہے کہ محبت اور حکمت سے بات کرنے سے مسئلہ حل ہوجائے گا۔
كما في صحيح البخاري: عن أبي أيوب الأنصاري أن رسول الله صلى الله عليه وسلم قال: لا يحل لرجل أن يهجر أخاه فوق ثلاث ليال، يلتقيان فيعرض هذا ويعرض هذا، وخيرهما الذي يبدأ بالسلام (باب الھجرۃ، ج:4، ص:2705، رقم الحدیث:6077، م:البشرٰی)۔
وفي مرقاة المفاتيح: (عن أبي أيوب الأنصاري قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: لا يحل لرجل أن يهجر) بضم الجيم (أخاه) أي: المسلم، وهو أعم من أخوة القرابة والصحابة. قال الطيبي: وتخصيصه بالذكر إشعار بالعلية، والمراد به أخوة الإسلام، (الي قوله) وقال الطيبي: عطف على يلتقيان من حيث المعنى لما يفهم منها أن ذلك الفعل ليس بخير اهـ. وتكلفه، بل تعسفه لا يخفى، والمعنى أفضلهما في طريق الأخلاق وحسن المعاشرة (الذي يبدأ بالسلام) أي: ثم الذي يرده، وفيه إيماء إلى أن من لم يرده ليس فيه خير أصلا، فيجوز هجرانه، بل يجب لأنه بترك رد السلام صار فاسقا اھ (باب ما ینھی عنہ من التھاجر الخ، ج:8، ص:758،759، رقم الحدیث:5027، م:حقانیۃ)۔